میدان سیاست میں داخل ہونے سے پہلے شرمیلا فاروقی کیا کرتی تھیں ؟ آصف زرداری نے بچپن میں کس پاکستانی فلم میں کام کیا تھا؟

پاکستان میں سیاسی جماعتوں کوبڑی مقبولیت حاصل ہے جس کے باعث ملکی سیاسی میدان میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد حصہ لے رہے ہیں جب کہ ان ہی سیاسی جماعتوں میں کئی نامور سیاست دان ایسے ہیں جو ماضی میں شوبزسے وابستہ رہے ہیں تاہم کئی اداکارشوبز کی دنیا میں کوئی مقام نہ بناسکے لیکن

سیاست کے میدان میں شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گئے۔ آصف علی زرداری آصف علی زرداری پاکستانی سیاست کا اہم نام ہیں ملک میں مفاہمت کی سیاست کے ماہر سمجھے جانے والے آصف زرداری پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور صدرپاکستان بھی رہ چکے ہیں۔ اپنی تقریروں میں سیاسی اداکاروں کی کھچائی کرنے والے آصف علی زرداری کے بارے میں جان کر آپ کو یہ حیرت ہوگی کہ وہ حقیقت میں اداکار بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1969 میں ریلیز ہونیوالی فلم ’’سالگرہ‘‘ میں لالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے بچپن کا کردار خوب نبھایا تھا جسے شائقین سمیت فلمی پنڈتوں نے بھی بے حد سراہاتھا۔ اداکاری کی صلاحیتوں سے مالا مال چھوٹے ہیروفلمی کیریئر میں آگے تو نہ بڑھ سکے لیکن آج پاکستان کی سیاست میں ایک ممتازمقام ضروررکھتے ہیں۔ طارق عزیز پاکستان کی سیاست میں ایک اورممتاز شخصیت طارق عزیز بھی سیاسی میدان میں قدم رکھنے سے قبل اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں انہوں نے لالی ووڈ کی فلموں ’’انسانیت ‘‘ اور ’’ہار گیا انسان‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ طارق عزیزفنی زندگی کی طرح سیاسی میدان میں بھی کافی سرگرم رہے اور انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی کیرئیرکا آغاز کیا اس کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے جب کہ 1996 میں لاہور سے قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ فوزیہ وہاب پاکستان پیپلزپارٹی کی سابق سیکریٹری اطلاعات اور گھن گرج دار گفتگو کے لیے مشہور رہنما

مرحومہ فوزیہ وہاب بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی تھیں انہوں نے سیاسی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل پی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’’کْہر‘‘ میں ہیرو کی کزن کا کردار اداکیا تھا۔ حسینہ معین کا تحریر کردہ یہ ڈرامہ 1992-1991 میں نشر ہواجب کہ ڈرامے کے ہیرو معروف ماڈل جنید بٹ تھے اس ڈرامے میں انہوں نے اپنی تندو تیز مزاج کے برخلاف ایک سنجیدہ خاتون کا کردار اداکیا تھا۔ پاکستانی سیاست کی اہم کھلاڑی 17 جون 2012ء کو علالت کے باعث جہان فانی سی کوچ کرگئیں۔ مسرت شاہین پشتو فلموں کی معروف اداکارہ مسرت شاہین پاکستانی سیاست میں کسی تعارف کی محتاج نہیں جتنا نام انہوں نے پشتوفلموں میں اداکاری سے کمایا اتنا ہی بڑا نام انہوں نے پاکستانی سیاست میں مولانا فضل الرحمان کے مدمقابل انتخابات میں لڑکر کمایا۔ پشتو فلموں کو خیرباد کہہ کرسیاست میں آنے والی معروف اداکارہ مسرت شاہین نے 20 سے زائد سپرہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔کنول نعمان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے بھی شوبز کی دنیا سے سیاست میں قدم رکھا انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز1987ء میں کیا جس کے بعد مسلسل 23 سال شوبز کی جگمگاتی دنیا سے منسلک رہیں اور معروف ڈراموں’’ پیاس‘‘ ’’کھوجی‘‘ اور ’’ شناخت‘‘ سمیت کئی معروف

سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے جنہیں شائقین نے بے حد پسند کیا۔ کنول نعمان 2013ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے پنجاب اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں اور اب شوبزسے مکمل کنارہ کشی اختیارکرکے سیاست کے عملی میدان میں سرگرم ہیں۔ حمزہ علی عباسی پاکستان کی نوجوان نسل کے پسندیدہ اداکارحمزہ علی عباسی بھی ادکاری کے بعد سیاست کے میدان میں بھی قدم جماچکے ہیں پاکستان کے معروف ڈرامہ سیریل ’’پیارے افضل ‘‘سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکارحمزہ علی عباسی پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے سیاسی میدان میں سرگرم ہیں۔ حمزہ علی عباسی نے ٹی وی ڈراموں کے علاوہ پاکستانی فلموں ’’وار‘‘ اور’’میں ہوں شاہد آفریدی‘‘میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ شرمیلا فاروقی پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی بھی ماضی میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں انہوں نے ڈرامہ سیریل ’’پانچواں موسم‘‘ میں اداکاروں اعجاز اسلم، طلعت حسین، عبداللہ کادوانی اور گلاب چانڈیو کے ساتھ مل کر اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ انہوں نے سیاسی کیرئیر کا آغاز پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا۔ شرمیلا فاروقی 2013ء کے عام انتخابات میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئیں اور تاحال اسمبلی میں فعال کرداراداکررہی ہیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *