نیوٹرلز کو پہلے ہی کہا تھا ۔۔۔ عمران خان نے ایک بار پھر کھری کھری سنا دیں

نیوٹرلز کو پہلے ہی کہا تھا ۔۔۔ عمران خان نے ایک بار پھر کھری کھری سنا دیں

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نیوٹرلز کو پہلے ہی کہا تھا عوام نکلیں گے تو سب کو سمجھ آجائے گا۔ عمران خان نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کھڑے ہوجائیں تو سرکاری ملازم ان کے سامنے کھڑا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ضمنی انتخاب میں جس طرح لوگ باہر نکلے اس پر حیران ہوں۔عمران خان نے زور دیا کہ نیوٹرلز کو پہلے ہی کہا تھا جب عوام نکلیں گے تو سب کو سمجھ آجائے گا، سنا ہے اب ڈپٹی اسپیکر کو بھی سمجھ آرہا ہے اور وہ ٹھیک ہو رہے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ہفتے میں 2 دن لاہور میں قیام کیا کروں گا اور اس شہر کو چھوڑوں گا نہیں۔ عمران خان نے بتایا کہ اگرچہ یاسمین راشد بہت اچھی اور متحرک لیڈر ہیں لیکن ان کے طبی معاملات ہیں ، اس لیے حماد اظہر کو تحریک انصاف پنجاب کا صدر بنایا جارہا ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن 13پارٹیوں، انتظامیہ، الیکشن کمیشن کے خلاف لڑا، جس طرح الیکشن کمیشن نے الیکشن کرایا ان کو سزا دینی چاہیے، الیکشن کمیشن نے ہر حربہ استعمال کیا، سکندر سلطان جیسا بددیانت چیف الیکشن کمشنر نہیں دیکھا،

ڈسکہ الیکشن اس نے ہروایا، سینیٹ الیکشن کے خلاف ہم سپریم کورٹ گئے، سپریم کورٹ نے رولنگ دی جو بھی ووٹ ڈالا جائے اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس الیکشن کمشنر نے ووٹوں کی تصدیق کی اجازت نہیں دی،

پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ پیسہ سینیٹ الیکشن میں چلا، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے پکڑا گیا، ہم چیف الیکشن کمشنر کے پاس گئے تو یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، ضمنی الیکشن میں پولیس کو استعمال کیا گیا، ریاست کی تمام مشینری کے باوجود قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.